تاثیر دعوتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم

 

موُلف : ڈاکٹر یحیی بن عبدللہ

مترجم:حافظ مدثر محمود سالار

تبصرہ: وسیم احمد 


علم و تہذیب کی ترویج میں ترجمہ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے.مختلف معاشروں میں پھیلے علم کو سیکھنے, سمجھنے کیلئے ان کا ترجمہ لازمی ہے. عباسی خلفاء بھی اس اہمیت سے واقف تھے.اسی اہمیت کے پیشِ نظر ہارون الرّشید نے یونانی کتابوں کا عربی زبان میں ترجمہ کروایا


ترجمہ نگاری بلاشبہ نووارد کیلئے نہایت کٹھن کام ہے کیونکہ ترجمہ میں نہ صرف زبان بلکہ جذبات و احساسات کا بھی خیال رکھنا لازمی ہوتا ہے. حافظ مدثر محمود نے بلاشبہ اس کا خیال رکھا اور آسان تلفظ میں ترجمہ قارئین کے سامنے رکھا


 یہ کتاب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ پر تحریر کی گئی ہے.آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاقِ حسنہ اور حسن معاملہ اس مختصر کتاب کا محور ہیں. اخلاق کی بناء پر آپ کے دشمن بھی آپ کی تعریف کرتے تھے اور صادق و امین کے لقب سے پکارتے تھے.کتاب کو دو حصّوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کی ترتیب مندرجہ ذیل یوں ہے۔

بابِ اوّل:

 دعوت اسلامی پر نبی اکرم کے اخلاق حسنہ کے اثرات (نبی کریم کی انتہائے رحمت و شفقت, نبی کریم کی عاجزی و انکساری, جودوسخائے نبوی صلی اللہ علیہ وسلم)

بابِ دوم:

دعوتِ اسلام پر نبی کریم کی قائدانہ شخصیت کے اثرات (نبی کریم کی بہادری و رعب, نبی کریم کا عفودرگزر, نبی کریم کا ایفائے عہد)


حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات اقدس کو اس کتاب میں اختصار طور پر بیان کیا گیا ہے جو بلاشبہ, دریا کو کوزے میں بند کرنے کی کوشش ہے. آپ صلی اللہ علیہ وسلم بچپن سے ہی برائی سے دور رہے اور آپ کا تعلق بھی مکہ کے اعلیٰ خاندانِ قریش سے تھا.آپ اہلِ مکہ میں صادق و امین کے لقب سے مشہور تھے. بعثت کے بعد جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ میں تبلیغ کا آغاز کیا تو یہی لوگ آپ کی مخالفت پر اُتر آئے


آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر موقع پر خواہ وہ مکہ میں ہو یا مدینہ میں, کفار سے نرم رویہ اختیار کیا.کفار نے پہلے ہی حملے میں جو غزوۂ بدر کے نام سے معروف ہے میں بدترین شکست کھائی. ہجرت سے قبل کفار نے آپ کو بارہا تنگ کیا,طائف میں پتھر مار کر لہولہان کیا, آپ کی صاجزادی حضرت زینب رضی للہ کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آئے, غزوۂ احد میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دانت شہید کئے مگر آپ نے انہیں بھی معاف فرما دیا. حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کی لاش کا مثلہ کیا مگر آپ صلی للہ علیہ وسلم ان کے قاتل وحشی کو معاف فرما دیا. یہ صرف آپ کی ذاتِ مبارکہ کا خاصہ تَھا


آپ صلی اللہ علیہ وسلم بڑوں، چھوٹوں, مسلم, غیر مسلم حتی کہ جانوروں سے بھی شفقت سے پیش آتے. اس سلسلے میں کتاب میں کئی واقعات درج ہیں جو ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں

فتحِ مکہ کے موقع پر آپ صلی للہ علیہ وسلم نے اپنے مخالفین کو اعلانیہ معافی دے دی 

فرمایا " کہ تم پر آج کوئی عتاب اور ملامت نہیں,جاؤ تم سب آزاد ہو "

آپ صلی للہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ ہر حوالے سے ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے. ہمارے لئے اس میں سبق پوشیدہ ہے کہ ہم کس طرح حسنِ سلوک اپنا کر دین کی اشاعت کر سکتے ہیں

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے وہ ہمیں نبی کریم صلی للہ علیہ وسلم کا راستہ اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور مصنف و مترجم کی کاوش کو قبول فرمائے! آمین

Comments